سانحہ عمر کوٹ، ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی مقابلے میں مارنے کی تصدیق
ویب ڈیسک
|
26 Sep 2024
سندھ حکومت نے عمر کوٹ میں توہین رسالت کے ملزم کے جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔
میرپورخاص واقعہ پر ڈائریکٹریٹ آف سوشل میڈیا کے آفس میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہم صوبے میں آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں جبکہ اکثریت و اقلیت کے حقوق کا ہمیں بخوبی ادراک ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاء و ترقی اور لوگوں کے حقوق کی بات کی ہے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی انتہا پسندی کے سخت خلاف ہیں میرپورخاص واقعہ پر ہم نے ڈی آئی جی میرپور خاص کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے زبیر دریشک کو ڈی آئی جی میرپورخاص کے عہدے کا چارج دیدیا ہے جسکا مقصد قانون کی رٹ کو تقویت دینا اور پولیس کا مورال بلند کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمر کوٹ سانحے کی تفصیلی انکوائری میں تمام پہلوؤں اور زاویوں پر خصوصی فوکس رکھتے ہوئے کم و بیش 31 صفحات پر مشتمل جامع رپورٹ تیار کی گئی۔
رپورٹ کی روشنی میں ہم ملوث افسران کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دے رہے ہیں جبکہ کمیٹی نے اپنی فائنڈنگس میں مقتول کے ورثاء کو مرتکبین کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیئے بھی کہہ دیا ہے تاہم اگر ورثاء مقدمہ درج نہیں کرائیں گے تو پھر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر کو خارج از امکان سمجھا جائے کوئی کتنا ہی بااثر یا بڑا افسر کیوں نہ ہو اسے قانون کے دائرے میں لائیں گے۔
سوال و جواب کے سیشن میں انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس سانحے پر ڈی آئی جی،ایس ایس پی و دیگر افسران و اہللکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور مجھے قوی امید ہیکہ ڈاکٹر شاہنواز کی سوشل میڈیا پوسٹ پر جاری تحقیقات پر اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی ایس بی اے بھی موجود تھے۔
Comments
0 comment