سرگودھا واقعے میں بڑی پیشرفت

سرگودھا واقعے میں بڑی پیشرفت

واقعے کا مقدمہ درج، ایک شخص جاں بحق، درجنوں مشتعل افراد گرفتار
سرگودھا واقعے میں بڑی پیشرفت

ویب ڈیسک

|

26 May 2024

پنجاب کے علاقے سرگودھا کی مجاہد کالونی میں پیش آنے والے قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد مشتعل ہجوم نے احتجاج کیا اور ایک شہری کے گھر میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی۔

مشتعل ہجوم کے تشدد سے ایک شہری جاں بحق ہوا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ ملزم کا والد تھا۔

شہریوں نے توہین کے الزام میں مبینہ ملزم کے گھر کے باہر آگ لگادی، اس کا گھر بھی جلانے کی کوشش کی، پولیس نے مشتعل ہجوم سے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او سمیت پولیس کے اعلی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اور مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔

واقعے کے بعد آئی جی پنجاب عثمان انور موقع پر پہنچے اور متاثرین سے گفتگو میں انہیں پُرامن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن مجید کی حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔اس حوالے سے قوانین موجود ہیں اور ان پر عمل کروانا ریاست کا کام ہے۔

عثمان انور نے کہا کہ اگر ان معاملات میں لوگ قانون ہاتھ میں لیتے ہیں تو اس سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے، ہمارے ار پی او ہمارے ڈی پی او اور ساری پولیس فورس نے مل کر بڑی بہادری سے اس واقعے پر قابو پایا، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا یا دہشت پھیلائی تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قرآن شریف کی بے حرمتی کی ہے تو اس کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو چکا ہے، واقعہ میں ملوث افراد کے حوالے سے ہمارا طریقہ کار واضح ہے کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوگی اور کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں زندگی معمول پر واپس آگئی ہے اور کل ایک نارمل دن ہوگا۔

اس موقع پر اُن کے ہمراہ آر پی او اور ڈی پی او سرگودھا بھی تھے جنہوں نے واقعہ کی تفصیلات، لا اینڈ آرڈر یقینی بنانے لئے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ آئی جی پنجاب کی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران سے ملاقات بھی کی۔

ڈاکٹر عثمان انور کی ڈسٹرکٹ امن کمیٹی اور کرسچین کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچانے پر پولیس جوانوں کو شاباش بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا پولیس کے بروقت ریسپانڈ اور ایکشن نے بڑے نقصان سے بچالیا، پولیس کے بہادر جوان محکمے کا فخر ہیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے۔

اُدھر سرگودھا میں پیش آنے والے واقعے پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مجاہد کالونی کے مکین محمد جہانگیر کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ نذیر نامی شخص نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

دوسری جانب قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے سرگودھا واقع کا سوموٹو نوٹس لیا اور ڈی پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی۔ کمیشن نے صوبائی حکومت کو سرگودھا سمیت پورے صوبے میں مسیحی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا اور بتایا کہ تصادم میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے نمائندے سرگودھا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!