سینیٹ نشستوں پر ضمنی الیکشن، پی پی نے میدان مار لیا

سینیٹ نشستوں پر ضمنی الیکشن، پی پی نے میدان مار لیا

مسلم لیگ ن اور جمعیت علما اسلام بلوچستان سے ایک ایک نشست لے سکی، پی پی نے چار نشستیں جیت لیں
سینیٹ نشستوں پر ضمنی الیکشن، پی پی نے میدان مار لیا

Webdesk

|

14 Mar 2024

سینیٹ کی6 نشستوں پر ضمنی انتخابات مکمل ہوگئے، پیپلز پارٹی چار، جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی ایک، ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ایوان بالاکی خالی ہونیوالی 6نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ جس کے لیے قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔ 

اراکین قومی و صوبائی نے اپناحق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ایوان بالاکے ارکان کو منتخب کیا۔

یہ چھ نشستیں اْن سینیٹرز کی جانب سے خالی کی گئی تھیں جو 8 فروری کے عام انتخابات میں حصہ لے کر صوبائی اسمبلیوں یا قومی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت سے سینیٹریوسف رضاگیلانی کے استعفے سے خالی ہونیوالی نشست پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی دوبارہ انتخاب لڑے جبکہ ان کے مقابلے میں الیاس مہربان تھے جنکو سنی اتحادکونسل اورپی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔

اسلام آبادکی نشست پر پولنگ قومی اسمبلی میں ہوئی، قومی اسمبلی کے ووٹرز کی تعداد 310 تھی جن میں سے 301ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیاجن میں وزیراعظم شہبازشریف اور نوازشریف نے بھی حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ امیدواریوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔

حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ اُن کے مخالف الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔

 بلوچستان کی تین عام نشستوں کے لیے بلوچستان اسمبلی کے موجودہ 62 میں سے 61 اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے جن میں سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرقدوس بزنجو سب سے زیادہ 23ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

 مسلم لیگ ن کے امیدوار میر دوستین ڈومکی 17ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے عبدالشکور غیبزئی 16ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار مبین خلجی کو صرف 5ووٹ ملے۔

اسی طرح سندھ کی دو نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کامیاب قرار پائے ہیں۔ ایوان میں 124 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

اسلم ابڑو نے 57 جبکہ سیف اللّٰہ دھاریجو نے 58 ووٹ حاصل کیے۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نذیر اللہ اور شازیہ سہیل نے 4، 4 ووٹ حاصل کیے۔ 

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!