سینیٹر مشتاق اسرائیلی جیل سے رہا، 'ہم پر کتے چھوڑے گئے'

ویب ڈیسک
|
7 Oct 2025
جماعتِ اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد عمان منتقل کردیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت پاکستانی سفارتخانے میں موجود ہیں۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ مشتاق احمد محفوظ ہیں اور حکومتِ پاکستان ان کی واپسی کے لیے سفارتی سطح پر مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم تمام دوست ممالک کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور رہائی میں کردار ادا کیا۔”مشتاق احمد “صمود فلوٹیلا” کے ساتھ غزہ کی جانب امدادی مشن میں شریک تھے، جہاں اسرائیلی فورسز نے جہاز کو روکا اور کئی رضاکاروں کو حراست میں لے لیا تھا۔
اردن کی سرکاری خبر ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل سے رہائی کے بعد فلوٹیلا کے 131 کارکنان اردن پہنچ چکے ہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک مثبت اقدام قرار دیا گیا ہے۔
رہائی کے بعد سینیٹر مشتاق نے اپنے پہلے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا کہ دوران قید ان سمیت رضاکاروں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔
'ہمارے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں، پیروں میں بیڑیاں، زنجیریں، آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھا گیا جبکہ ہم پر کتے بھی چھوڑے گئے اور تشدد کیا گیا'۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے، فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
Comments
0 comment