تحریک انصاف کا جلسہ، جڑواں شہروں میں کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں
Webdesk
|
8 Sep 2024
اسلام آباد / راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سنگ جانی مقام پر جلسہ عام کے سلسلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی شاہراں پر کٹینرز لگا کر رکاوٹوں کو کھڑا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں کو ملانے والے مقامات بھی بند کر دیے گئے۔ فیض سے اسلام آباد کو ملانے والا راستہ بھی بند کیا گیا جبکہ مریڑھ چوک پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ اولڈ ایئرپورٹ روڈ کورال چوک سے، روات ٹی چوک اور جی ٹی روڈ کو مندرہ کے مقام سے بند کیا گیا ہے۔
ٹیکسلا جی ٹی روڈ مارگلہ سنگ جانی کے مقام پر بھی بند کیا گیا ہے جبکہ 26 نمبر چونگی کے قریب سے بھی شاہراہ کو بلاک کیا گیا ہے۔اندرون شہر راجہ بازار سے مری روڈ اور سٹیلائٹ ٹان و پیر ودھائی سے آئی جی پی روڈ کو ملانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے۔
موٹر وے اولڈ ٹول پلازہ اور ترنول پھاٹک بھی کنٹینرز لگا کر بند رکھا گیا ہے جبکہ گندم گودام اور گولڑہ موڑ چوک بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ۔
مرکزی شاہرائیں بند ہونے سے موٹر سائیکل سوار بمشکل گزر پا رہے ہیں جبکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔راولپنڈی شہر سے ایکسپریس وے اور مری روڈ پر نکلنے والی تمام گلیاں بھی سیل کی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں چلنے والی گرین بس اور بلیو بس سروس بھی بند کی گئی ہے۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال ہے۔جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مابین میڑو بس سروس بھی مکمل بند ہے۔
دوسری جانب، اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کو بھی کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون کو جانے والے تمام راستے بھی کنٹینر رکھ کر سیل کیے گئے ہیں۔
سرینا چوک، میریٹ چوک اور نادرا چوک بھی بند ہیں۔ چٹھہ بختاور اور ترامڑی چوک سے آنے والی شاہراہیں بھی کنٹینر رکھ کر سیل کر دی گئیں۔مری سے اسلام آباد آنے والے راستے کو سترہ میل ٹول پلازہ سے بند کیا گیا ہے جبکہ بھارہ کہو بائی پاس کو بھی کنٹینر رکھ کر بند کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے بیشتر اہم چوراہوں پر بھی رات سے کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیں۔بری امام سے سیکریٹریٹ آنے والی سڑک اور مری روڈ سے آتے ہوئے بنی گالہ کو جانے والے راستے کو بھی بلاک کیا گیا ہے۔
Comments
0 comment