طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل سے معافی مانگ لی
Webdesk
|
16 May 2024
اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں حکومتی رکن طارق بشیر چیمہ اور اپوزیشن رکن زرتاج گل میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، زرتاج گل نے گالی دینے کا الزام عائد کیا جس کے بعد ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی، اپوزیشن نے طارق بشیر کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کردیا جس پر اسپیکر نے آمادگی کا اظہار بھی کردیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں صدارتی خطاب پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ صدارتی خطاب پر غیر متعلقہ باتیں کی گئیں، سب سے پہلے گندم کے مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں، آج کاشت کار کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔
طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران اقبال آفریدی نے انہیں ٹوک دیا اس پر چیمہ نے کہا کہ آپ خاموش ہوجائیں نہیں تو میں بیٹھ جاں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہوش کے ناخن لیں اور گندم کی فوری خریداری کریں، گندم کی درآمد کے لیے صوبے اپنی ڈیمانڈ بھیجتے ہیں، درآمد کے بعد گندم فوری طور پر متعلقہ صوبوں کو سفارش شدہ مقدار میں فراہم کی جاتی ہے، گندم درآمد کیوں کی گئی ہمیں نہیں معلوم۔
طارق بشیر چیمہ نے گندم کی درآمد کو مجرمانہ غفلت قرار دے دیا۔ دوران تقریر طارق بشیر چیمہ، اقبال آفریدی اور زرتاج گل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بجٹ کے لیے کورم پورا کرنا تھا جس کے لیے وزیر اعظم ہائوس میں ایک کھانا ہوا، پرویز خٹک نے مجھے کہا کہ جنرل فیض آرہا کھانے پر آئو،اس ہائوس کا کورم کون پورا کرتا تھا؟ اسپیکر کے دفتر میں کون آکر بٹھاتا تھا؟ کوئی سینئر رینکنگ آفیسر نہیں تھا۔
طارق بشیر چیمہ زرتاج گل کی طرف گئے اور زرتاج گل سے کچھ بات کی جس کے بات زرتاج گل نے چیخنا شروع کردیا اور کہا کہ طارق بشیر نے ان سے نازیبا بات کہی ہے جس پر ایوان میں ہنگامہ شروع ہوگیا، چیمہ ایوان سے چلے گئے اور سنی اتحاد کے اراکین نے حکومتی لابی کی جانب جانے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی کو طلب کرلیا گیا۔
اسپیکر کو بتاتے ہوئے زرتاج گل روپڑیں اور کہا کہ جب تک طارق بشیر چیمہ کی رکنیت ختم نہیں ہوتی میں چیمبر سے نہیں جائوں گی اس پر اسپیکر ایاز صادق نے زرتاج گل کو چیمہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم اپوزیشن نے طارق بشیر چیمہ کی معطلی کی آڈر لیے بنا جانے سے انکار کردیا۔ اسپیکر نے اجلاس کی فوٹیج طلب کی۔
اسپیکر چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن کے رہنماں کا اجلاس ہوا جس میں طارق بشیر چیمہ کو بلایا گیا، اسپیکر نے طارق بشیر کو زرتاج گل سے معافی مانگنے پر آمادہ کیا اور کہا کہ آپ بڑے ہیں بڑے پن کا مظاہرہ کریں، حکومتی رہنمائوں نے بھی طارق بشیر چیمہ سے معافی مانگنے کی درخواست کی جس پر چیمہ نے کہا کہ مجھے اپنے الفاظ پر افسوس ہے اور میں زرتاج گل سے معافی مانگتا ہوں بعدازاں زرتاج گل نے معافی قبول کرلی۔
Comments
0 comment