وفاقی حکومت کا عافیہ کیس میں فریق بننے سے صاف انکار

Webdesk
|
30 Jun 2025
وفاقی حکومت نے امریکی عدالت میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں فریق اور معاون بننے سے صاف انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق کے علاوہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر حکومتی نمائندے بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے امریکا میں چل رہے مقدمے میں فریق نہ بننے کی وجوہات طلب کیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے امریکا میں قانونی کارروائی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
عدالت نے اس فیصلے کی وجوہات جاننا چاہیں، لیکن حکومتی نمائندے نے صرف یہی کہا کہ یہ حکومت کا حتمی فیصلہ ہے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ وجوہات کے بغیر نہیں ہوتا، خاص طور پر جب آئینی عدالت اس معاملے پر سماعت کر رہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یا اٹارنی جنرل کسی بھی فیصلے کی بنیاد واضح کرنے کے پابند ہیں۔
عدالت نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فیصلے کی تفصیلی وجوہات اگلی سماعت پر پیش کرے۔
عدالت نے سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
Comments
0 comment