وانا کیڈیٹ کالج آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد ہلاک

وانا کیڈیٹ کالج آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد ہلاک

فورسز نے 550 کیڈیٹس کو بحفاظت ریسکیو کیا
وانا کیڈیٹ کالج آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک

|

12 Nov 2025

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج میں چھپے تمام چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آپریشن 33 گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران پاک فوج نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کی اور تمام 550 طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت نکال لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن پیر کی صبح اُس وقت شروع ہوا جب دہشتگردوں نے کالج میں گھسنے کی کوشش کی۔

ابتدائی کوشش ناکام بنائی گئی، تاہم بعد میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کالج کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں وہ احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق چار خوارج، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، کو ہلاک کر دیا گیا۔ کسی طالبعلم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جب کہ عمارت کو بارودی مواد سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے عمارت سے فرار ہونے کی کوشش کی تو فورسز نے فائرنگ کر دی، جس پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

منگل کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تصدیق کی کہ ہلاک دہشتگردوں میں افغان خوارج بھی شامل تھے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے اندر دہشتگرد ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، جب کہ اس واقعے میں تین افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد حکومت اسلام آباد میں اہم نکات پیش کرے گی اور عالمی برادری کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ آرمی پبلک اسکول جیسے سانحے سے دس گنا زیادہ ہولناک ثابت ہوسکتا تھا، مگر فورسز نے انتہائی احتیاط سے کارروائی کرتے ہوئے پہلے تمام طلبہ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور بعد ازاں دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!