وزیراعلیٰ گنڈا پور کا قافلہ حضرو انٹرچینج پہنچ گیا، شدید شیلنگ جاری
Webdesk
|
24 Nov 2024
اسلام آباد میں احتجاج کیلئے پی ٹی آئی کا پشاور سے نکلنے والا قافلہ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں حضرو انٹرچینج پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق اٹک پل پر پولیس سے جھڑپیں جاری ہیں اور وزیراعلی کی زیر قیادت پختونخوا سے چلنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔
حضرو پل چچھ انٹرچینج اٹک پل پر پولیس نے راستے کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے اور مظاہرین پر شدید شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کی شیلنگ کے اثرات زائل کرنے کیلیے پی ٹی آئی کے کارکنان نے گرین بیلٹ کو آگ لگا دی، یہ پہلا مقام ہے اگر قافلہ اسے عبور کرلیتا ہے تو پھر آگے کٹی پہاڑی، 26 نمبر چونگی اور دیگر مقامات بھی آئیں گے جہاں بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سابق رہنما صداقت عباسی کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے صداقت عباسی کو فیض آباد پل سے گرفتار کیا اور قیدی وین میں بٹھا کر روانہ ہوگئی۔
صداقت عباسی کا اس موقع پر کہنا تھاکہ میرا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، گھر جارہا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال صداقت عباسی نے پاکستان تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments
0 comment