آئین میں ترمیم کر کے وفاقی شرعی عدالت بنائی گئی تو کسی کو تکلیف نہیں ہوئی، بلاول بھٹو

آئین میں ترمیم کر کے وفاقی شرعی عدالت بنائی گئی تو کسی کو تکلیف نہیں ہوئی، بلاول بھٹو

شہید محترمہ بینظیر بھٹو جب پاکستان آئیں تو ان کا عزم تھا کہ میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کریں گی
آئین میں ترمیم کر کے وفاقی شرعی عدالت بنائی گئی تو کسی کو تکلیف نہیں ہوئی، بلاول بھٹو

Webdesk

|

14 Oct 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئینی ترمیم پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں، ملک میں انصاف کے نظام میں بہتری لانے کے لیے وفاقی آئینی عدالت قائم کرنی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ ہاﺅس کراچی میں بینظیر ہاری کارڈ کی تقریب سے خطاب ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ بات مان لیں کہ جیل میں بیٹھے کسی شخص کا موڈ نہیں تو ہم اپنی قائد کے وعدے سے پیچھے ہٹ جائیں؟ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جب پاکستان آئیں تو ان کا عزم تھا کہ میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کریں گی، وہ اس مشن پر آئی تھی اور اپنی جدوجہد کو مکمل کرتے کرتے شہید ہوگئیں، میثاق جمہوریت کے تحت کچھ چیزیں باقی رہ گئی تھی کیا ان کو ہم بھول جائیں؟ کیا جیل میں بیٹھے شخص کی وجہ سے اپنے قائد کا وعدہ بھول جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔میں سندھ کی عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ پاکستان کے عدل اور انصاف کے نظام سے مطمئن ہیں؟ اگر آپ کو یہ نظام ٹھیک لگتا ہے تو اسے ایسے ہی چلنے دیا جائے، اگر آپ کو لگتا ہے انصاف کا نظام ٹوٹا ہوا ہے اور یہ ناانصافی کا نظام ہے تو میثاق جمہوریت میں اس نظام میں کمزوریوں کا حل بھی بتایا گیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تو ملک میں برابری کی نمائندگی کو یقینی بنانا ہوگا، عام عدالت کے ساتھ ساتھ ایک مخصوص عدالت کا قیام بھی اس میں بہتری لانے کا ایک طریقہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جب پاکستان کے تمام صوبوں سے برابری کی بنیاد پر منصفین بیٹھیں گے ہمارے آئینی مسائل کا حل نکلے گا، ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ ہوگا، اگر وفاق کا کسی صوبے سے جھگڑا ہو یا اس صوبے کو کوئی مسائل درپیش ہوں تو پھر ایک ایسا فورم ہونا چاہیے جہاں ان مسائل کو حل کیا جاسکے۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر ہمارے دو مطالبات ہیں، پہلا آئینی عدالت کا قیام اور دوسرا ججز کی تقرری کا طریقہ کار، یہ سب میثاق جمہوریت میں طے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو مجھے کہہ رہے ہیں پیچھے ہٹ جائیں تو میں انہیں کہتا ہوں کہ تم پیچھے ہٹ جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا کیا مطلب ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے وقت صحیح نہیں؟ اگر یہ اب نہیں ہوگی تو کب ہوگی؟ قائد عوام کو شہید کیا گیا، آمر جنرل ضیا الحق کو آئین میں ترمیم کرنے اور وفاقی شرعی عدالت قائم کرنے کی اجازت دی گئی تب کسی کو فکر لاحق نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے جتنا اس عدالتی نظام کا پتا ہے اتنا کسی اور سیاست دان کو نہیں معلوم ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جس عدالت کی ذمہ داری ہمارے حقوق کا تحفظ کرنا اور حق کا دفاع کرنا ہے وہی عدالت ایک فوجی آمر کو اپنی مرضی کا آئین بنانے کی اجازت دیتی ہے، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ایک ایسا نظام شروع کیا جس سے عوام کو تو انصاف نہیں ملا لیکن اگر کسی کو انصاف فراہم کیا گیا تو وہ جج صاحبان کو ملا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں تختہ دار پر لٹکایا جاتا ہے، ہماری خواتین کو جیل میں بند کیا جاتا ہے، یہ ہے آپ کا انصاف کا مکمل نظام، آپ کہتے ہیں ایسے ہی چلتا رہے تو ایسے تو نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جو آئینی ترمیم کی تجاویز دی ہیں وہ تمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وعدے پر مبنی ہیں اور یہ میثاق جمہوریت میں درج ہیں، ہم سب مل کر انصاف ، عدالتی اصلاحات، آئینی ترمیم اور برابر کی نمائندگی کا مطالبہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کے لیے ہدایات ہیں کہ وہ پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور عوام کے پاس اور انہیں عدالتی اصلاحات سے آگاہی فراہم کریں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ ایک ایسا اتفاق رائے پیدا کریں اور مسودہ بنائیں جس سے جمہوری طریقے سے اس آئینی ترمیم کو ہم پارلیمان سے منظور کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کل ایک بار پھر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ملاقات کریں گے، ہم مل کر 26 ویں آئینی ترمیم سے ملک کے انصاف کے نظام میں بہتری لائیں گے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!