آزاد کشمیر میں حالات کشیدہ، مذاکرات کی ناکامی کے بعد بڑا اعلان
ویب ڈیسک
|
13 May 2024
آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے مذاکرات میں ناکامی کے بعد مظفر آباد کی جانب آج لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان راولاکوٹ میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں مطالبات پر غور کیا گیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے بجلی بل، گندم پر سبسڈی اور گرڈ اسٹیشن کا وفاق سے کرایہ لینے کے مطالبات پیش کیے گئے.
حکومت کی جانب سے مذاکرات پر غور کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین ایک نقطے پر متفق نہ ہوسکے جس کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے مذاکرات کی ناکامی کا اعلان کرتے ہوئے راولاکوٹ سے مظفر آباد لانگ مارچ کرنے کی کال دی اور عوام سے شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مطالبات کو فوری ماننے پر زور دیا جبکہ وزیراعظم نے بھی آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین روز سے آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور آٹے پر سبسڈی کے خلاف مظاہرے چل رہے ہیں اور اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں 1 سب انسپکٹر شہید جبکہ ایس ایچ او سمیت 16 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
اُدھر مظاہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی فائرنگ اور تشدد سے 38 نوجوان شدید زخمی ہوئے جبکہ 80 کے قریب لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، وادی میں گزشتہ دو روز سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل بھی ہے۔
Comments
0 comment