اسٹار لنک کے منتظر پاکستانی صارفین کیلیے بری خبر

ویب ڈیسک
|
30 Apr 2025
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسٹارلنک کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا لائسنس جاری کرنے سے متعلق فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسٹارلنک کی مستقل رجسٹریشن مشروط ہونے کے باعث اسے پاکستان میں اپنی خدمات کا آغاز کرنے میں مزید تاخیر کا سامنا ہے۔ پی ٹی اے نے لائسنس کا اجرا پاکستان اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آربی) کے ساتھ کمپنی کی مکمل رجسٹریشن سے مشروط کر دیا ہے۔
پی ایس اے آربی نے 21 مارچ کو اسٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن تو کر دی تھی، لیکن ابھی تک تمام تکنیکی و ریگولیٹری معاملات حتمی شکل نہیں پا سکے۔ ادارہ اسٹارلنک کے ساتھ مستقل رجسٹریشن کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
اگرچہ اسٹارلنک دنیا بھر میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی تیز رفتار خدمات فراہم کر رہا ہے، لیکن پاکستان میں اس کے داخلے کو ابھی تک متعدد انتظامی اور قانونی مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی تمام شرائط پوری ہوں گی، لائسنس جاری کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
فی الحال، پاکستانی صارفین کو اسٹارلنک کی جدید انٹرنیٹ سروسز تک رسائی کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
Comments
0 comment