ٹک ٹاک پر عائد پابندی تین ماہ کیلیے مؤخر

ویب ڈیسک
|
6 Apr 2025
مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر عائد پابندی کو تین ماہ کیلیے مؤخر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی کی مدت میں دوسری بار 75 دن کا اضافہ کر دیا۔
ٹرمپ انتظامیہ نے دوسری بار ٹک ٹاک کو اضافی مہلت دی ہے جس کے بعد اب جون کے وسط تک امریکا میں صارفین ٹک ٹاک بغیر کسی پابندی کے استعمال کرسکیں گے۔
ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر پوسٹ میں کہا کہ "ٹک ٹاک کی فروخت کے معاملات ابھی تک طے نہیں ہو سکے"۔
اس سے قبل 5 اپریل کو پہلی 75 روزہ مہلت ختم ہو رہی تھی۔
واضح رہے کہ امریکا نے قومی سلامتی کے خدشات کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو فروخت کرنے کا حکم دیا تھا۔ 20 جنوری 2025 کو نافذ ہونے والے قانون کے تحت اگر ٹک ٹاک امریکی خریدار کو نہیں بیچا گیا تو اس پر پابندی عائد ہو جائے گی۔
ایمازون اور اونلی فینز سمیت کئی کمپنیوں نے خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے مکمل پابندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم مہلت کے بعد ٹک ٹاک کو سوچ بچار اور فیصلہ سازی کیلیے جون تک کا اضافی وقت مل گیا ہے۔
اگر اس مدت میں فروخت کا معاملہ طے نہ ہوا تو پلیٹ فارم پر پابندی عائد ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ چین اور امریکہ کے درمیان جاری ٹیکنالوجی جنگ کا ایک نیا موڑ ہے۔ ٹک ٹاک کے 10 کروڑ سے زائد امریکی صارفین کے لیے پلیٹ فارم کا مستقبل اب بھی غیر یقینی ہے۔
Comments
0 comment