واٹس ایپ کے 68 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کیوں بلاک ہوئے؟

واٹس ایپ کے 68 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کیوں بلاک ہوئے؟

میٹا نے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی تصدیق کردی
واٹس ایپ کے 68 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کیوں بلاک ہوئے؟

ویب ڈیسک

|

6 Aug 2025

میٹا نے 2025 کی پہلی ششماہی میں واٹس ایپ پر 68 لاکھ سے زائد فراڈ اکاؤنٹس بند کر دیے۔

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی میٹا نے 2025 کی پہلی ششماہی میں واٹس ایپ پر پھیلے دھوکہ دہی اور فراڈ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 68 لاکھ سے زیادہ جعلی اکاؤنٹس کو بند کرنے کی تصدیق کردی۔

میٹا کے مطابق یہ اکاؤنٹس منظم مجرمانہ گروہوں کی جانب سے کیے جانے والے فراڈ کے منصوبوں میں استعمال ہو رہے تھے۔ کمپنی نے ان اکاؤنٹس کی شناخت اور خاتمے کے لیے اپنی حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کر دیا ہے۔

واٹس ایپ کی ایکسٹرنل افیئرز ڈائریکٹر کلیئر ڈیوی نے اس کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ "ہماری ٹیم نے ان اکاؤنٹس کی شناخت کی اور انہیں اس سے پہلے ہی غیرفعال کر دیا جب مجرمانہ تنظیمیں ان کا استعمال کرنے والی تھیں۔"

میٹا کے مطابق، یہ فراڈ اکثر جعلی کرپٹو کرنسی سرمایہ کاری اور جلد امیر ہونے کے جھوٹے وعدوں پر مبنی ہوتے ہیں، جو منظم گروہوں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔

کمپنی نے واٹس ایپ کے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں ایسے پیغامات موصول ہوں جن میں "منافع یا آمدنی" کے بدلے پیشگی ادائیگی کا مطالبہ کیا جائے، تو اسے فوری طور پر خطرے کی گھنٹی سمجھا جائے۔

میٹا نے خصوصی طور پر جنوب مشرقی ایشیا میں قائم "اسکیم سینٹرز" سے منسلک اکاؤنٹس پر توجہ مرکوز کی تھی، اور ان کی بڑی تعداد کو ٹریک کرکے بند کر دیا۔

اس فراڈ سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد بھی لی گئی ہے۔ میٹا اور اوپن اے آئی نے ایک ساتھ مل کر کمبوڈیا میں ایک فراڈ کو ناکام بنایا، جس میں چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے دھوکا دہی والے پیغامات بنائے گئے تھے جن میں واٹس ایپ چیٹ کے لنکس شامل ہوتے تھے تاکہ صارفین کو پھنسایا جا سکے۔

واٹس ایپ صارفین کے لیے نئی حفاظتی خصوصیات

دھوکا دہی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر، میٹا نے واٹس ایپ صارفین کے لیے نئے حفاظتی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ منگل کو کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں صارفین کو اجنبی گروپس میں شامل کیے جانے پر محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔

نئے "سیفٹی اوورویوز" فیچر کے ذریعے صارفین کو گروپ کی معلومات، فراڈ کو پہچاننے کے طریقے اور غیر ضروری گروپس سے جلدی نکلنے کے آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔

میٹا نے بلاگ پوسٹ میں مزید کہا، "ہم میں سے اکثر کو ایسے پیغامات موصول ہوئے ہیں جہاں کوئی اجنبی ہمیں گروپ چیٹ میں شامل کرتا ہے اور کم خطرے والی سرمایہ کاری یا آسان رقم کا وعدہ کرتا ہے۔"

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فراڈ اکثر صارفین کی ہمدردی اور اعتماد کا فائدہ اٹھاتے ہیں، اور انہیں فوری طور پر رقم بھیجنے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے انہیں نقصان پہنچنے کا خوف دلایا جاتا ہے۔ یہ نئے حفاظتی فیچرز صارفین کو ایسی صورتحال سے بچنے میں مدد دیں گے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!