11 سالہ بچے کی فائرنگ سے ماں جاں بحق
ویب ڈیسک
|
11 Oct 2024
لاہور کے علاقے لوئر مال میں بندوق سے کھیلنے والے بچے سے پستول چل گئی اور گولی سیدھی ماں کے سینے میں لگی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔
اس واقعے کے بعد مقامی پولیس نے پہلی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی تھی۔
پولیس شکایت میں تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ ذوالقرنین کے نام سے شناخت شدہ نابالغ ملزم گھر میں پستول سے کھیل رہا تھا اس دوران اس سے ٹریگر دب گیا اور گولی 33 سالہ ماں عاصمہ کے سینے میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
ہسپتال لے جانے کے باوجود عاصمہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جس کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
مقتولہ کے شوہر خرم جہانگیر نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
نابالغ مشتبہ شخص سے تفتیش جاری ہے، اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف آپریشنز نے سٹی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل، کراچی کی اعظم بستی میں ایک 5 سالہ بچہ اس کے نابالغ کزن کی جانب سے غلطی سے لوڈڈ گن چلنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
مقتول کی شناخت برہان کے نام سے ہوئی، وہ پستول سے زخمی ہوا جو اس کے والد بابر جاوید کا تھا۔
اسی طرح کا ایک سانحہ اس سے قبل 29 اگست کو فیڈرل بی ایریا، بلاک 3 میں پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے اپنی 11 ماہ کی بیٹی کو پستول صاف کرتے ہوئے غلطی سے گولی مار دی تھی۔
ابتدائی طور پر بچے کے والدین نے پولیس کو بتایا کہ واقعہ ایک حادثہ تھا تاہم حکام نے ان کے بیانات پر شک کا اظہار کیا۔
متوفی لڑکی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی اور پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی تھی۔
Comments
0 comment