بلوچستان میں نبی ﷺ کی مبینہ توہین کے ملزم کو پولیس اہلکار نے گولی مار کر قتل کردیا
ویب ڈیسک
|
12 Sep 2024
کوئٹہ میں ایک پولیس کانسٹیبل نے حوالات کے اندر ایک بزرگ شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا، جس پر حضور ﷺ کی توہین کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
متاثرہ شخص عبدالعلی کو خروٹ آباد پولیس اسٹیشن نے بدھ کے روز حراست میں لیا تھا اور اس کے خلاف تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ 295-سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کرتے ہوئے خروٹ آباد تھانے کے باہر ایک بڑا ہجوم جمع ہوا اور ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کیا جبکہ حوالے نہ کرنے پر پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولا اور پھتراؤ کیا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مظاہرین کے ایک بڑے ہجوم کی موجودگی کی وجہ سے کسی بھی تشدد کو روکنے کے لیے، ملزم کو کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
جب عبدالعلی کو تھانے میں رکھا جا رہا تھا تو ایک پولیس افسر نے اس پر گولی چلائی جس سے ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کو گولی مارنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فی الحال واقعہ کی تحقیقات کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق عبدالعلی کی لاش کو سول اسپتال منتقل کرنے کے بجائے پولیس سرجن کو پوسٹ مارٹم کے لیے محفوظ مقام پر طلب کیا گیا۔
مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے شخص کی گاڑی چلاتے ہوئے ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی حالیہ گرفتاری پر نالاں اور لوگوں سے حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کا مطالبہ کررہا تھا۔
ان کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول نے ویڈیو میں گفتگو کے دوران مبینہ طور پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کچھ اہانت آمیز الفاظ کہے۔
Comments
0 comment