بنوں میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید تین زخمی
ویب ڈیسک
|
9 Jan 2024
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد دونوں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اُدھر پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوا تاہم وہ بھاگنے میں کامیاب ہوا اور ایک گھر میں داخل ہوگیا جبکہ دوسرا مقامی علاقے میں داخل ہوا جس کا پولیس نے تعاقب کیا۔
ڈی آئی جی بنوں قاسم علی خان نے بتایا کہ پولیس اہلکار کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا حملہ آور ایک گھر میں داخل ہوا جہاں اُس کا پولیس سے مقابلہ ہوا جبکہ دوسرے کا تعاقب کیا تو اُس نے بھی اندھا دھند فائرنگ کردی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے، شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق اس وقت فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جب مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور موقع پر ہی زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا گاؤں میں چلا گیا۔
پولیس نے دوسرے حملہ آور کا پیچھا کیا تو دونوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کے باعث 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
a
Comments
0 comment