22 hours ago
کلفٹن میں جوڑے کو کس نے قتل کیا؟ پیشرفت

ویب ڈیسک
|
30 Jul 2025
کلفٹن قتل کیس: ساجد کے والد نے بیٹے کے دوست اور بہو کے بھائی سمیت پانچ افراد پر شک ظاہر کر دیا۔
کلفٹن میں بہیمانہ طور پر قتل کیے گئے نوجوان جوڑے، ساجد مسیح اور ثناء آصف کے کیس میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
مقتول ساجد کے والد، عارف مسیح، نے بیٹے کے دوست اور بہو کے بھائی سمیت پانچ افراد پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا 14 جولائی کو گھر سے نکلا تھا اور اس کے بعد سے اس کا کوئی اتا پتا نہیں تھا۔
عارف نے اپنے بیان میں بتایا کہ احتشام، جو ان کے بیٹے ساجد کا دوست تھا، گوجرانوالہ سے ہی ساجد کے ساتھ نکلا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہی دن ثناء کے گھر کی خواتین ان کے گھر آئیں اور انہیں ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا، جس کے خوف سے انہوں نے اپنا گھر چھوڑ دیا اور کسی دوسری جگہ منتقل ہو گئے۔
عارف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان لوگوں نے ان کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے آج پولیس کے پاس اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔
عارف نے بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا اور رشتہ داروں سے لاشیں ملنے کا علم ہوا، جس کے بعد وہ معلومات لینے جناح ہسپتال پہنچے جہاں تصویریں دیکھ کر انہوں نے اپنے بیٹے کی شناخت کی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں چائنہ پورٹ کے قریب جھاڑیوں سے 30 سالہ ساجد مسیح اور 18 سالہ ثناء آصف کی لاشیں ملی تھیں، جنہیں سروں پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا اور دونوں کو سر کے پچھلے حصے پر ایک ایک گولی ماری گئی۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے موبائل فون میں سم نہیں تھی۔
مقتول جوڑے کا نکاح نامہ بھی منظر عام پر آ گیا ہے، جس کے مطابق مقتول ساجد مسیح نے 22 جولائی کو اسلام قبول کیا تھا اور اسی روز دونوں نے کورٹ میرج کی تھی۔ مقتولین کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
دوسری جانب، مقتولہ ثناء آصف کے بھائی وقاص علی کی مدعیت میں تھانہ تتلے علی ضلع گوجرانوالہ میں 17 جولائی 2025 کو مقتول ساجد مسیح کے خلاف ثناء آصف کے اغواء کا مقدمہ بھی درج ہے، جو اس کیس کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔
پولیس اس دہرے قتل کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اس کیس کے حقائق سامنے آ سکیں گے۔
Comments
0 comment