کراچی، ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادے لندن سے کراچی پہنچ گئے

کراچی، ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادے لندن سے کراچی پہنچ گئے

مرحومہ شمائلہ عمران کی نمازِ جنازہ ہفتہ کو بعد نمازِ ظہر رحمانیہ مسجد، طارق روڈ پر ادا کی جائے گی
کراچی، ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادے لندن سے کراچی پہنچ گئے

Webdesk

|

26 Dec 2025

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما افتخار عالم نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مرحوم ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ مرحومہ شمائلہ عمران کا جسدِ خاکی اب ہفتہ کی علی الصبح نجی ایئرلائن کے ذریعے کراچی پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض فنی مسائل کے باعث مرحومہ کا جسدِ خاکی جمعہ کے روز کراچی نہیں پہنچ سکا۔افتخار عالم کے مطابق مرحوم ڈاکٹر عمران فاروق کے دونوں صاحبزادے عالی شان فاروق اور وجدان فاروق نجی ایئرلائن کے ذریعے لندن سے کراچی پہنچ چکے ہیں، جو اپنی آمد کے بعد اپنے ماموں کے ہمراہ ان کے گھر روانہ ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مرحومہ شمائلہ عمران کی نمازِ جنازہ ہفتہ کو بعد نمازِ ظہر رحمانیہ مسجد، طارق روڈ پر ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں سوسائٹی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

افتخار عالم نے واضح کیا کہ اگر نمازِ جنازہ یا تدفین کے شیڈول میں کسی قسم کی ممکنہ تبدیلی ہوئی تو میڈیا کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔افتخار عالم نے مزید بتایا کہ شمائلہ عمران فاروق طویل علالت کے بعد 19 دسمبر کو لندن کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔

وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور زیرِ علاج تھیں۔ مرحومہ کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین پاکستان میں کی جا رہی ہے، جبکہ تدفین کے تمام انتظامات ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مرحومہ کے دونوں صاحبزادوں کی کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، افتخار عالم، دیگر رہنما، ارکانِ اسمبلی اور مرحومہ کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ شمائلہ عمران فاروق 2002 میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں، جبکہ 2004 میں انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!