2 hours ago
کراچی، ڈیفنس میں فلیٹ کی چھت سے 17 سالہ لڑکی کی لاش برآمد، 1 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی
ویب ڈیسک
|
18 Nov 2025
ایک ماہ قبل ازدواجی بندھن میں بندھنے والی 17 سالہ لڑکی کی کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ کی چھت سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت زینب کے نام سے ہوئی ہے، جس کا آبائی تعلق سیالکوٹ سے ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زینب کی شادی تقریباً ایک ماہ قبل ہوئی تھی اور وہ چند روز سے اپنے شوہر کی خالہ کے گھر ڈیفنس فیز 5، بدر کمرشل اسٹریٹ نمبر 7A کے قریب واقع ایک فلیٹ میں مقیم تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چار منزلہ عمارت کی چھت سے لڑکی کی لاش ملی، جو فرش پر موجود تھی اور اس کے دوپٹے کا پھندا لگا ہوا تھا۔ عمارت کی چوتھی منزل پر زینب کے شوہر کی خالہ کا فلیٹ ہے، جہاں وہ ٹھہری ہوئی تھی۔
واقعے کے وقت مقتولہ کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا۔ پولیس نے شوہر کی خالہ اور کزن کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
لاش کو ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
Comments
0 comment