2 hours ago
کراچی: جیولر شاپ سے ڈکیت کروڑوں مالیت کی تجوری لے کر فرار
Webdesk
|
29 Apr 2026
کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ڈکیتوں نے جیولری شاپ پر انوکھی واردات کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی تجوری پر ہاتھ صاف کر دیا۔
ایس ایس پی ساتھ کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے 5 بجے پیش آیا جہاں دو ملزمان نے دکان کا شٹر کٹر سے کاٹا اور اندر داخل ہوئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان نے وہاں موجود چوکیدار کو پہلے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور پھر اسے لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا۔
چوکیدار نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ ملزمان نے اسے مدد کے بدلے 50 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ملزمان چوکیدار ہی کی مدد سے دکان کی بھاری بھرکم تجوری باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے اور پھر اسے وعدے کے مطابق رقم دیے بغیر تجوری سمیت فرار ہو گئے۔
مبینہ طور پر تجوری میں 20 کروڑ روپے مالیت کا مال موجود تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جیولرز کی جانب سے تاحال نقصان کا حتمی تخمینہ اور ایف آئی آر کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم پولیس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر داخلہ نے پولیس حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ نقب زنوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے مزید تاکید کی ہے کہ ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے جدید اور ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ ہو سکے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment