2 hours ago
ٹک ٹاکر پر زیادہ فالورز کا جھگڑا، بہن نے بہن کو قتل کردیا
ویب ڈیسک
|
2 Sep 2026
گوجرانوالہ: لدھیوالہ وڑائچ میں ٹک ٹاک پر فالوورز بڑھنے کے معاملے پر دو سگی بہنوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا افسوسناک واقعے میں تبدیل ہوگیا، بڑی بہن کے مبینہ چھری کے وار سے 15 سالہ مناہل جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق 18 سالہ کائنات اپنی چھوٹی بہن مناہل کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر بڑھتے ہوئے فالوورز سے مبینہ طور پر ناخوش تھی۔ اسی معاملے پر دونوں بہنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں شدید جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران کائنات نے مبینہ طور پر چھری کے وار کرکے مناہل کو شدید زخمی کردیا۔ اہل خانہ نے زخمی لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزمہ کائنات کو گرفتار کرلیا۔ اسے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سے مبینہ آلۂ قتل چھری بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
عدالت نے ملزمہ کائنات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب مقتولہ کے والد نے بیٹی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث اپنی بڑی بیٹی سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Comments
0 comment