1 hour ago
کراچی کی تمام بڑی مارکیٹیں احتجاجا بند رکھنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
14 Jul 2026
کراچی کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار سمیت شہر کے متعدد بڑے اجناس بازار کل ہڑتال کے باعث بند رہیں گے، جس کے باعث ملک بھر میں اجناس کی سپلائی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم نے اعلان کیا کہ جوڑیا بازار، لی مارکیٹ، ڈانڈیا بازار، نانک واڑہ، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کے ہول سیل اجناس بازار مکمل طور پر بند رہیں گے۔
رؤف ابراہیم کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمتوں کو جواز بنا کر دکانداروں کو گرفتار کرنا، بھاری جرمانے عائد کرنا اور دکانیں سیل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چالان کے نام پر صرف ایزی پیسہ نمبرز دیے جا رہے ہیں، جبکہ کسی بھی دکاندار کو باقاعدہ چالان کی نقل فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کئی دکانداروں کو 50 ہزار روپے سے لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک جرمانوں کے نوٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ کی متعدد دکانیں اب بھی سیل ہیں۔
رؤف ابراہیم نے سوال اٹھایا کہ اگر مہنگا آٹا فلور ملوں سے آ رہا ہے تو کارروائی صرف دکانداروں کے خلاف کیوں کی جا رہی ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ متعلقہ فلور ملز کے خلاف بھی یکساں کارروائی کی جائے۔
Comments
0 comment