کراچی میں دوسرا واقعہ، معمولی بات پر سیکیورٹی گارڈ نے نوجوان کو قتل کردیا
Webdesk
|
8 Jun 2024
شہر قائد میں غیر پیشہ وارانہ اور ذہنی آسودہ سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر الیون اے کے پیٹرول پمپ کے قریب گدھا گاڑی کھڑی کرنے سے منع کرنے پر سیکیورٹی گارڈ نے کچرا چننے والے افغانی بچے پر گولیاں چلا دیں۔
زخمی نوجوان کی شناخت 17 سالہ صمد کے نام سے ہوئی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او سر سید افتخار تنولی نے بتایا کہ مقتول افغانی ہے جس کا کچرے کا گودام ہے اور وہ معمول کے مطابق گدھا گاڑی پر کچرا جمع کرنے آیا تھا۔
سیکیورٹی گارڈ نے لڑکے کو گدھا گاڑی کھڑی کرنے سے منع کیا تو دونوں میں تلخ کلامی ہوئی جس پر اُس نے طیش میں آکر فائرنگ کی اور پھر اسلحے سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔
مفرور سیکیورٹی گارڈ کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی ہے تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کے مینجر کو حراست میں لے لیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے رہائش گاہ سمیت مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے۔
پولیس کا یہ بھی بتانا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کو علاقہ مکینوں نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں کے بعد گلی کی رکھوالی کے لیے تعینات کیا تھا۔
Comments
0 comment