3 hours ago
کراچی میں پانی اور گیس کا بحران سنگین ہوگیا
Webdesk
|
16 Jun 2026
کراچی: شہر قائد میں پانی کی شدید قلت اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث لاکھوں شہری روزمرہ زندگی کے معمولات انجام دینے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں کے مطابق حب ڈیم سے آنے والی مرکزی واٹر لائنیں قصبہ کالونی، محمد پور، اورنگی ٹان، مومن آباد، منگھوپیر ٹان، ایم پی آر کالونی، سلطان آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹائون سمیت متعدد علاقوں سے گزرتی ہیں، تاہم ان علاقوں کے رہائشی پانی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔
شہریوں کے مطابق پانی کا پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث گھروں تک پانی نہیں پہنچ پاتا اور لوگ پینے کے پانی کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واٹر کارپوریشن کی ناقص منصوبہ بندی اور انتظامی غفلت کے باعث گرمیوں میں پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں بیشتر خاندان مہنگے داموں واٹر ٹینکر خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی میں تعطل اور کم پریشر کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق کئی علاقوں میں گیس طویل اوقات تک بند رہتی ہے جبکہ ناشتے اور کھانے کے اوقات میں بھی پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث گھریلو صارفین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
متاثرین نے سندھ حکومت، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی اور گیس کے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ فراہمی، لائنوں میں مناسب پریشر اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، خصوصا صبح اور شام کے اوقات میں صارفین کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، لہذا متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کریں۔
Comments
0 comment