کراچی میں سال 25 کے دو ماہ میں 148شہری ٹریفک حادثات میں جاں بحق

ویب ڈیسک
|
1 Mar 2025
کراچی میں رواں سال جنوری اور فروری میں 148 شہری ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فروری کے آخری روز مجموعی طور پر 6 لوگ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے۔ جن میں سے دو واقعات ہیوی ٹریفک واٹر ٹینکر کے تھے۔
یہ حادثات، گلشن، بلدیہ، شارع فیصل، نمائش سمیت دیگر علاقوں میں پیش آئے۔
گلشن اقبال میں سی اے کرنے والا نوجوان واٹر ٹینکر تلے کچلا گیا۔شارع فیصل فاران ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق دوسرے شخص کی شناخت 24 سالہ ثاقب کے نام سے ہوئی۔
ترجمان چھیپا حکام چوہدری شاہد نے بتایا کہ متوفی شاہ فیصل کالونی کا رہائشی ، 2 بھائیوں اور ایک بہن ہیں جس میں متوفی دوسرے نمبر پر تھا ، متوفی ثاقب شارع فیصل فاران ہوٹل کے قریب قائم کال سینٹر میں ملازمت کرتا تھا اور جمعرات کو رات گئے گھر جانے کے لیے اس نے آن لائن بائیک رائیڈر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی نے انھیں ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں آن لائن بائیک رائیڈر جس کی شناخت تشکیل حیدر کے نام سے کی گئی تھی جبکہ متوفی ثاقب کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تھی جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد چھیپا سرد خانے میں رکھوا دی تھی۔
متوفی کے ورثا جمعے کو صبح سے ثاقب کو تلاش کرتے رہے اور انھوں نے چھیپا سرد خانے آکر معلومات کی تو رکھی گئی نامعلوم لاش کو ثاقب کی نام سے شناخت کرلیا۔
چھیپا حکام کی جانب سے رواں سال 2025 میں مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق رواں سال جنوری اور فروری میں مجموعی طور پر 148 افراد جاں بحق جس میں 108 مرد ، 18 خواتین ، 17 بچے اور 5 بچیاں شامل ہیں جبکہ اس دوران ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1939 ہوگئی جس میں 1615 مرد ، 248 خواتین ، 53 بچے اور 23 بچیاں شامل ہیں ۔
Comments
0 comment