کراچی میں ٹریفک حادثات، 2 کمسن بہن بھائی سمیت مزید 5 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک
|
9 Mar 2025
شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں دو کمسن سگے بہن بھائی بھی شامل ہیں، جبکہ 4 کمسن بہن بھائی سمیت 11 افراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق، اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب موٹر سائیکل اور کار کے درمیان ٹکراؤ کے نتیجے میں 6 سالہ گل زادی اور 12 سالہ عبدالرزاق شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں بہن بھائی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن راستے میں ہی گل زادی نے دم توڑ دیا، جبکہ عبدالرزاق اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسی طرح، پورٹ قاسم کے قریب ایک نوجوان ہاشم ٹریلر کے پہیوں تلے کچل کر جاں بحق ہوگیا۔ ناردرن بائی پاس افغان کٹ انڈس چوک کے قریب کار اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں ایک 28 سالہ شخص کی موت ہوگئی، جس کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی جبکہ سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 28 سالہ شفیق احمد جاں بحق ہوگیا۔
قیوم آباد پل کے قریب موٹر سائیکل کے دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں 15 سالہ توقیر، 11 سالہ تسکین، 7 سالہ ابیہ، اور 5 سالہ حمزہ زخمی ہوگئے، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ رمضان چورنگی کے قریب دو ٹرکوں کے درمیان تصادم میں 7 افراد زخمی ہوئے، جنہیں جناح اور عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔
Comments
0 comment