7 hours ago
کراچی پولیس کا شارٹ ٹرم اغوا اور لاکھوں روپے تاوان لینے کا ایک اور کیس

ویب ڈیسک
|
6 May 2025
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے اہلکاروں سمیت 12 افراد پر اغوا اور تشدد کے الزامات کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے میں ایک ٹرانسپورٹر کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے 4 اہلکاروں سمیت 12 افراد پر اغوا اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
مدعی سرفراز نے پولیس کو بیان دیا کہ 28 مارچ 2025 کی رات ساڑھے دس بجے کے قریب پولیس موبائل اور سفید رنگ کی ڈبل کیبن میں سوار سادہ لباس پولیس اہلکاروں نے انہیں اور ان کے دوست کو اغوا کیا۔
اغوا کاروں نے ان کی آنکھیں بند کر کے نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کیا اور فون پر کسی شخص سے بات کرائی، جس نے ایک کروڑ روپے کا تاوان مانگا۔ مدعی نے بتایا کہ جب انہوں نے تاوان دینے سے انکار کیا تو انہیں مارا پیٹا گیا۔ بعد ازاں، انہوں نے اغوا کاروں کو بتایا کہ ان کی گاڑی کی چھت پر رقم چھپی ہوئی ہے، جس پر ملزمان نے 5 لاکھ 25 ہزار روپے لوٹ لیے اور انہیں نیشنل ہائی وے پر چھوڑ دیا۔
مدعی نے شاہ لطیف ٹھانے کے 4 اہلکاروں امام بخش، شکیل، افتخار اور خاور سمیت کل 12 افراد کو نامزد کیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کو تفتیش کے لیے حوالے کر دیا ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن کے ایس ایچ او امین کھوسہ کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور AVCC پولیس مزید ثبوت اکٹھا کر رہی ہے۔
Comments
0 comment