کراچی سے بی ایل اے کا کارندہ آصف چکنا گرفتار

ویب ڈیسک
|
18 Apr 2025
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ کی خصوصی ٹیم نے کراچی کے علاقے تھانہ سعید آباد کی حدود میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد داہن عرف آصف چکنا کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ داہن عرف آصف چکنا اور اس کا ساتھی محمد شفیع کراچی میں BLA کے دہشت گردوں کو مختلف سہولیات فراہم کرتے تھے، جبکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے دونوں حب، بلوچستان میں روپوش تھے۔
ترجمان کے مطابق، محمد شفیع، BLA کے دہشت گرد بہادر PMT کا بیٹا ہے، جو پڑوسی ملک سے BLA کا سلیپر سیل چلا رہا ہے۔ بہادر PMT محکمہ انسداد دہشت گردی کی ریڈ بک میں شامل اور انتہائی مطلوب دہشت گرد ہے۔
سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر محمد شفیع کی گرفتاری کے لیے ٹیم کو حب روانہ کر دیا ہے۔ داہن عرف آصف چکنا ماضی میں قتل، اقدامِ قتل اور پولیس مقابلے جیسے سنگین مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے اور جیل کاٹ چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزم سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا
رہا ہے۔
Comments
0 comment