کارساز واقعے کی ایک اور فوٹیج، ملزمہ گاڑی اور موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر بھاگی اور باپ بیٹی کو کچل دیا
ویب ڈیسک
|
23 Aug 2024
کارساز کار حادثے کی ایک نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں انکشاف ہوا ہے کہ مشتبہ ملزمہ نتاشا دانش نے اسی سڑک پر دوسری کار اور موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ اس نے گاڑی دوڑا کر فرار کی کوشش کی اور باپ بیٹی کی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔
تفصیلات کے مطابق 19 اگست کو ہونے والے خوفناک حادثے نے ملک میں اس وقت غم و غصے کی لہر دوڑا دی جب کاروباری ٹائیکون خاندان کی بہو نتاشا دانش اقبال، گل احمد نے کراچی میں کارساز روڈ پر قریبی لین پر اپنی کار کو کئی گاڑیوں سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کارساز حادثے کی ایک نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ نتاشا دانش نے پہلے گاڑی ایک سفید کار کو ماری اور پھر متعدد گاڑیوں کو ٹکر ماری۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعہ کا وقت شام 6 بج کر 11 منٹ دکھایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جب سامنے سے سفید رنگ کی کار آئی تو ملزم نے اپنی گاڑی کی رفتار کم کی لیکن اچانک تیز رفتاری سے سفید کار کے پچھلے دروازے سے ٹکرائی۔ نتاشا کی کار نے کار کے پیچھے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ٹکر مار دی جس سے وہ موٹر سائیکل سمیت نیچے گر گئے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد اور سیکیورٹی گارڈز جمع ہوگئے جب کہ خاتون تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئی۔ جائے وقوعہ سے فرار ہونے کے لیے مشتبہ خاتون اسی سڑک پر تیز رفتاری سے چل رہی تھی اور اس نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار دی، جو اس خوفناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے دوران موٹر سائیکل پر سوار چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعہ کا مقدمہ متوفی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ بہادر آباد میں درج کیا گیا۔
کارساز کار حادثے کا کیس اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے۔ بدھ کو ملزمہ خاتون کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
نتاشا اقبال کے وکیل نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ ذہنی طور پر غیر مستحکم تھی اور گھر والوں کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ گھر سے گاڑی کب لے کر گئی تھیں۔
تاہم، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے شعبہ نفسیات نے انہیں "ذہنی طور پر فٹ" قرار دیا تھا۔
Comments
0 comment