لاہور: شادی کا جھانسہ دے کر طالبہ سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک
|
8 Feb 2025
لاہور: ستوکتلہ پولیس نے میڈیکل کالج کی طالبہ کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے اور فحش ویڈیو بنا کر 18 لاکھ روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق، سرگودھا سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے آئی تھی، جہاں اس کی دوستی عمر نامی کلاس فیلو سے ہوگئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عمر نے طالبہ کو شادی کا جھانسہ دیا اور اسے متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
اس دوران ملزم نے طالبہ کی نازیبا ویڈیوز بنا لیں اور بعد میں انہیں استعمال کرتے ہوئے بلیک میل کر کے 18 لاکھ روپے ہتھیا لیے، جو اس نے مبینہ طور پر میڈیکل اسٹور بنانے کے لیے حاصل کیے۔
متاثرہ طالبہ کی شکایت پر تھانہ ستوکتلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا فوری نوٹس لیا۔
ایس پی صدر ڈویژن ڈاکٹر غیور احمد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او ستوکتلہ ہاشم افتخار بھٹی نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم عمر کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او ستوکتلہ کے مطابق، ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا ملزم کسی جرائم پیشہ گروہ یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے یا نہیں۔
پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ طالبہ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا، جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی سختی سے عمل میں لائی جائے گی۔
Comments
0 comment