لاہور میں 10 سالہ بچے سے تین افراد کی اجتماعی بدفعلی، ویڈیو بھی بناڈالی

ویب ڈیسک
|
12 Apr 2025
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک المناک واقعے کے بعد پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر 10 سالہ معصوم بچے کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان میں چوکیدار ساجد، شاہ زیب اور ذیشان شامل ہیں، جنہوں نے بچے آیان کو ورغلا کر اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ملزمان نے نہ صرف بچے کے ساتھ بدفعلی کی بلکہ اس دوران ویڈیو بھی بنائی، جس کا ذکر ایف آئی آر میں بھی کیا گیا ہے۔
بچے کے نانا محمد عظیم کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کاہنہ ناصر حمید کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واضح کیا کہ بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر معصوم بچوں کے تحفظ کے حوالے سے سوالات کھڑے کرتا ہے۔ سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے فوری انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمے کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تاکہ ایسے مجرموں کے لیے عبرت ناک مثال قائم ہو۔
Comments
0 comment