بھارت میں خاتون پرنسپل کا لرزہ خیز قتل؛ لائف اسٹائل میں تبدیلی نے طلبا کو پکڑوا دیا

بھارت میں خاتون پرنسپل کا لرزہ خیز قتل؛ لائف اسٹائل میں تبدیلی نے طلبا کو پکڑوا دیا

اسکول پرنسپل کالو روپا ریڈی 12 اگست کی صبح اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں
بھارت میں خاتون پرنسپل کا لرزہ خیز قتل؛ لائف اسٹائل میں تبدیلی نے طلبا کو پکڑوا دیا

Webdesk

|

20 Aug 2026

تلنگانہ : بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں اسکول کی 48 سالہ پرنسپل کے لرزہ خیز قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے قتل کی منصوبہ بندی اور واردات میں مبینہ طور پر ملوث دسویں جماعت کے دو طالب علموں کو گرفتار کیا ہے۔ اسکول پرنسپل کالو روپا ریڈی 12 اگست کی صبح اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں جبکہ ان کے جسم پر چاقو کے 27 زخم تھے جب کہ ان کے شوہر حیدرآباد گئے ہوئے تھے۔

پرنسپل کے شوہر نے فون پر اہلیہ سے رابطہ نہ ہونے پر پڑوسیوں کو اطلاع دی تھی جس پر پڑوسیوں نے پولیس کو بلایا تھا۔ پولیس ٹیم کو گھر سے لاش ملی۔

قتل کے بعد پولیس نے پانچ ٹیمیں تشکیل دیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک شواہد، فنگر پرنٹس، تکنیکی معلومات اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا جائزہ لینا شروع کیا۔

 تفتیش کے دوران پولیس نے 80 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔تحقیقات میں اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب پولیس کو معلوم ہوا کہ قتل سے قبل روپا ریڈی نے اپنی خالہ سے فون پر گفتگو کے دوران آخری لفظ بابو کہا تھا جس کے بعد ان کا فون بند ہوگیا۔

سینئر پولیس افسر شرت چندر پوار نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ روپا ریڈی نے بابو کہہ کر کسے پکارا تھا۔ جس پر تحقیقات کا رخ  اسکول کے طلبا کی طرف ہوگیا۔

پولیس نے انفرادی طور پر طلبا سے پوچھ گچھ کی تو دسویں جماعت کے پانچ ایسے طلبا سامنے آئے جو قتل کے بعد اسکول سے غیر حاضر تھے۔ان میں سے بھی دو طلبا حالیہ دنوں میں غیر معمولی طور پر رقم خرچ کررہے تھے اور دوستوں کے لیے پارٹیاں بھی کر رہے تھے۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر دونوں طالب علموں کو حراست میں لے لیا۔ دورانِ تفتیش دونوں نے مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی اور واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!