لڑکی کے بجائے خواجہ سرا سے شادی کی ضد پر 24 سالہ لڑکے کے والدین نے خودکشی کرلی
ویب ڈیسک
|
27 Dec 2024
بھارت میں بیٹے کی لڑکی کے بجائے خواجہ سرا سے شادی کی خواہش سُن کر والدین نے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع نندیال میں بیٹے کی لڑکی کے ساتھ شادی سے انکار اور خواجہ سرا کے ساتھ ازدواجی رشتہ قائم کرنے کی ضد پر ماں باپ نے خودکشی کرلی۔
رپورٹ کے مطابق 24 سالہ سنیل کمار گزشتہ 3 سال سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں ہے اور وہ لڑکیوں سے شادی کے خلاف جبکہ ایک خواجہ سرا سے محبت میں مبتلا ہے اور وہ اُسی کے ساتھ رہنے پر بضد تھا۔
بیٹے کو والدین نے سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ نہ مانا جس کے بعد جھگڑے معمول بن گئے اور وہ اکثر اس بات پر گھر چھوڑ کر چلا جاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سنیل کمار نے پہلے بھی اس جھگڑے کی وجہ سے خودکشی کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے اس کے والدین کافی پریشان تھے۔ تحقیقات میں پتا چلا کہ سنیل کمار نے خواجہ سرا کمیونٹی سے ڈیڑھ لاکھ روپے بھی لیے ہوئے تھے، جس کی ادائیگی کیلئے اس کے والدین سے مطالبہ کیا جا رہا تھا اور اسی وجہ سے والدین ، لڑکا دونوں دباؤ کا شکار تھے۔
سنیل کمار کے والدین 45 سالہ سبا ریادو اور ان کی 38 سالہ اہلیہ سرسوتی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنیل کمار اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، جو بی ٹیک مکمل کرنے کے بعد آٹو رکشہ چلانے کا کام کر رہا تھا، واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ مزید تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
Comments
0 comment