6 hours ago
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی

Webdesk
|
18 May 2025
کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگلے 3 روز کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت نمی کا تناسب 65 سے 75 فیصد تک رہنے کی وجہ سے اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس ہوگی۔ شہر میں سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات نے بتایا کہ ہائی پریشر کا نظام بالائی ماحول کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے، جس کی وجہ سے 20 مئی تک صوبے کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس ہیٹ ویو کے زیر اثر
دادو
شہید بینظیر آباد
نوشہروفیروز
جیکب آباد
لاڑکانہ
سکھر
میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بدین
تھرپارکر
عمرکوٹ
حیدرآباد
اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبے میں ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمی کی اس لہر کے دوران لوگ ڈی ہائیڈریشن، ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے متعلقہ بیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔
Comments
0 comment