7 hours ago
میری بیٹی کے ساتھ بالکل ٹھیک ہوا، قبائلی سردار کو رہا کیا جائے، غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ

ویب ڈیسک
|
23 Jul 2025
بلوچ خاتون بانو کے قتل پر ماں نے قبائلی سردار کی حمایت کرتے ہوئے بیٹی کے قتل کو درست قرار دے دیا۔
کوئٹہ کے علاقے ڈیگاری میں گولی مار کر قتل کی جانے والی بلوچ خاتون بانو کی والدہ نے اپنی بیٹی کے قتل کا دفاع کرتے ہوئے قبائلی سردار شہرباز ستک زئی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا، جن پر اس قتل کا حکم دینے کا الزام ہے۔
اطلاعات کے مطابق بانو اور احسان نامی شخص کو ستک زئی قبیلے کے سربراہ شہرباز ستک زئی کے حکم پر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ دونوں پر ناجائز تعلقات رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو، جو دن کے وقت کھلے عام ریکارڈ کی گئی تھی، چند روز بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس نے ملک بھر میں شدید غم و غصے کو جنم دیا اور خواتین کے خلاف جاری تشدد کو “عزت” کے نام پر جواز فراہم کرنے کی روایت پر سوالات اٹھائے۔
پولیس نے واقعے میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ قبائلی سردار شہرباز ستک زئی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں دو روز کے لیے اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن وِنگ (SCIW) کے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
تاہم، حالیہ ویڈیو بیان میں بانو کی والدہ نے ہاتھ میں قرآن پاک اٹھا کر کہا کہ ان کی بیٹی کو “قبائلی روایات” کے مطابق قتل کیا گیا اور انہوں نے شہرباز ستک زئی کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
Comments
0 comment