نشے کا عادی باپ جوئے میں 2 بچے ہار گیا، شکایت کیلیے تھانے جانے والی ماں سے پولیس کی شرمناک حرکت

19 hours ago

نشے کا عادی باپ جوئے میں 2 بچے ہار گیا، شکایت کیلیے تھانے جانے والی ماں سے پولیس کی شرمناک حرکت

خاتون تھانے گئی تو پولیس اہلکار نے شکایت درج کرنے کے لیے رشوت مانگی
نشے کا عادی باپ جوئے میں 2 بچے ہار گیا، شکایت کیلیے تھانے جانے والی ماں سے پولیس کی شرمناک حرکت

ویب ڈیسک

|

19 Jul 2025

پنجاب کے ضلع خانیوال سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے جہاں نشے اور جوئے میں لت میں مبتلا شخص اپنے ہی دو کمسن بچوں کو جوئے میں ہار گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اختر نامی ایک شخص،  نشے اور جوئے کا شدید عادی ہے، جب جوئے میں بازی لگانے کے لیے رقم سے محروم ہوا تو اس نے اپنے ہی جگر کے ٹکڑوں، 3 سالہ عبدالرحمان اور 5 سالہ فیضان کو داؤ پر لگا دیا اور بدقسمتی سے انہیں جوئے میں ہار گیا۔

بچوں سے محروم ہونے والی غمزدہ ماں نے بتایا کہ کچھ افراد ان کے بچے لینے آئے اور انہیں بتایا کہ ان کا شوہر بچوں کو جوئے میں ہار چکا ہے۔

خاتون کی مزاحمت اور واویلا کرنے پر وہ افراد دھمکیاں دیتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔ بعد ازاں، جب خاتون نے اپنے والد کو اس صورتحال سے آگاہ کیا، تو شوہر نشے کی حالت میں گھر واپس آیا، اپنی بیوی پر تشدد کیا، اور زبردستی اپنے بچوں، عبدالرحمان اور فیضان کو چھین کر لے گیا، یہاں تک کہ انہیں گھر سے بھی بے دخل کر دیا۔

مظلوم ماں اپنے بچوں کی بازیابی کے لیے متعلقہ تھانے پہنچی اور درخواست جمع کروائی، تاہم اسے مزید صدمہ اس وقت پہنچا جب پولیس حکام نے مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ کیا۔

بچوں کے ماموں نے بھی اس الزام کی تصدیق کی ہے کہ تھانہ کہنہ میں درخواست دینے پر تھانیدار رشوت طلب کر رہا ہے۔

معصوم بچوں کی والدہ اور ماموں نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب سے فوری مداخلت اور رحم کی اپیل کی ہے کہ ان کے بچوں کو ان شرابی اور جواری لوگوں کے قبضے سے بازیاب کرایا جائے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!