پنجاب سے جسم فروشی کیلیے اغوا ہونے والی 2 لڑکیاں کراچی سے بازیاب

پنجاب سے جسم فروشی کیلیے اغوا ہونے والی 2 لڑکیاں کراچی سے بازیاب

لڑکیوں کی عمریں 17 اور 19 سال ہیں
پنجاب سے جسم فروشی کیلیے اغوا ہونے والی 2 لڑکیاں کراچی سے بازیاب

ویب ڈیسک

|

27 Sep 2025

کراچی پولیس نے لاہور اور فیصل آباد سے جسم فروشی کیلیے اغوا ہونے والی دو لڑکیوں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ سے بازیاب کرا لیا۔

رپورٹس کے مطابق، کراچی ایئرپورٹ پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے اہلکاروں کے پاس دو نوجوان لڑکیاں مدد کے لیے پہنچیں۔ پولیس نے فوری طور پر انہیں حفاظتی تحویل میں لیا اور 15 پر اطلاع دی، جس کے بعد لڑکیوں کو تھانے منتقل کیا گیا۔

متاثرہ لڑکیوں کی شناخت 19 سالہ طیبہ اور 17 سالہ حمیرا کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ایک خاتون عائشہ انہیں روزگار دلانے کے بہانے کراچی لائی، لیکن بعد میں انہیں ایک شخص کے حوالے کر دیا گیا جس کا مقصد انہیں فروخت کرنا تھا۔

پولیس کے مطابق لڑکیاں تقریباً 10 ماہ تک ایک ملزم رفیع کی تحویل میں رہیں اور اس دوران انہیں مبینہ طور پر جسم فروشی پر مجبور کیا جاتا رہا۔

لڑکیوں کے اغوا کے مقدمات لاہور اور فیصل آباد میں پہلے ہی درج ہو چکے تھے۔ مددگار 15 نے اوکاڑہ اور فیصل آباد میں متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کر لیا ہے۔

دونوں لڑکیوں نے اپنے گھروں کو واپس جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ حمیرا کا مقدمہ لاہور کے کوٹ لکھپت تھانے میں جبکہ طیبہ کا مقدمہ فیصل آباد کے روشن والا تھانے میں درج ہے۔

کراچی پولیس نے دونوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئندہ کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!