پشاور میں پختون روایت کے برعکس افسوسناک واقعہ

پشاور میں پختون روایت کے برعکس افسوسناک واقعہ

تین بہنوں کو سرعام چوک پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اسلحے کے بٹ سے زخمی کردیا گیا
پشاور میں پختون روایت کے برعکس افسوسناک واقعہ

Webdesk

|

19 Jan 2025

خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے تدریسی اسپتال لیڈی ریڈنگ کی اسسٹنٹ میڈیا منیجر اور خاتون صحافی ناہید جہانگیر اور ان کی بہنوں پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھانہ ماڑی میں رامداس کے چونگی چوک کے مقام پر مسلح افراد نے تعاقب کر کے گاڑی روکی اور پھر تینوں بہنوں کو اتار کر سرعام بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس میں وہ زخمی ہوگئیں۔

ناہید جہانگیر اپنی بہنوں کے ہمراہ ایک خاندانی پروگرام میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہی تھیں کہ کوہاٹ روڈ، رامداس چونگی کے قریب ان کے رکشے کو گاڑی نے ٹکر مار کر زبردستی سائیڈ پر کیا جبکہ ملزمان نے گاڑی سے اتر کر ناہید جہانگیر اور انکی بہنوں سلمی جہانگیر اور رانی پر پستول تھان کر ان کو رکشے سے زبردستی اتار کر پستول سے سروں پر وار کئے اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق  بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ ناہید جہانگیر کے ماموں کے بیٹوں اور اس کی فیملی نے کیا جن کی وجوہات نا معلوم ہیں۔

ناہید جہانگیر کے مطابق جب اس کو اور کی بہنوں کو رکشے سے زبردستی اتارا گیا تو ملزمان کے ہاتھ میں پستول، بلٹ اور چاقو تھے جس سے ان کو مارا جس سے ناہید جہانگیر اور اس کی بہنوں کو شدید چوٹیں آئیں اور سر پر کئی ٹانکے لگنے کے ساتھ ساتھ چہرے اور گردن پر بھی زخم آئے۔

ناہید جہانگیر اور اس کی بہنوں کو فوراً لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ان کو فوری طبی امداد مہیاء کی گئی۔ ناہید جہانگیر کے مطابق یہ بے غیرتی کی انتہا ہے کہ ہمیں اس طرح سب کے سامنے رکشے سے اتار کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ  ہمیں ایسا لگتا ہے کہ ملزمان نے بھرپور پلاننگ کی تھی جس کی وجہ سے متعلقہ تھانے کے افسران بالکل بھی تعاون نہیں کر رہے اور ملزمان پہلے ہی تھانے پہنچ چکے تھے اور اپنے لئے راہ ہموار کی ہوئی ہے۔

ناہید جہانگیر اور اہل خانہ نے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور سے بھرپور اپیل کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان تک پہنچ کر  گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر پولیس ملزمان کے خلاف کاروائی کرکے کیفر کردار تک پہنچائے  ورنہ تینوں بہنیں شدید احتجاج پر مجبور ہو جائیں گی۔

دوسری جانب پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ مجروحہ مسماہ (ن) کی مدعیت میں تھانہ بھانہ ماڑی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ افسران بالا نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے کاروائی کرکے ملوث ایک ملزم رومان کو گرفتارکر لیا ہے۔

ملزمان اور مجروحہ آپس میں رشتہ دار ہیں جن کے مابین مستورات اور گھریلو تنازعہ چلا آ رہا ہے۔ نامزد ملزمان میں دو کم عمر اور دو خواتین بھی شامل ہیں اور یہ ان کے ماموں زاد ہیں جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے جلد ہی ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!