پولیس کمانڈو نے دو وکلا کو سرکاری اسلحے سے فائرنگ کر کے قتل کردیا
ویب ڈیسک
|
15 Jun 2024
اٹک سول عدالت کے احاطے میں پولیس ایلیٹ کمانڈو نے فائرنگ کرکے 2 وکلاء کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم اے ایس آئی انتظار شاہ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جبکہ سرکاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ایلیٹ کمانڈو انتظار شاہ کی فائرنگ سے قتل ہونے والے دونوں وکلا عدالتوں میں پیشی کے لیے آئے تھے، ایلیٹ کمانڈو وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات تھا، جس نے سرکاری اسلحے سے دو وکلاء پر فائرنگ کردی۔
گولیاں لگنے سے دونوں وکلاء شدید زخمی ہوئے جن کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ دم توڑ گئے۔
پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ممبر پنجاب بار کونسل ایڈووکیٹ ایڈووکیٹ ملک اسرار، ایڈووکیٹ زوالفقار مرزا شامل ہیں۔
اٹک پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر سرکاری اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او اٹک نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے تین سے زائد پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اور وکلاء کے درمیان خاندانی رنجش چل رہی تھی، پولیس واقع کی مختلف زاویوں سے تفتیش کررہی ہے، دونوں وکلاء کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کردی جائیں گی۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب نے وکلا کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
Comments
0 comment