4 hours ago
قلات میں آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک، 18 جوان شہید
ویب ڈیسک
|
1 Feb 2025
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں ایک آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ مقابلے کے دوران 18 جوان شہید ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔
اعلامیے میں سڑکوں پر چیک پوسیٹں قائم کرنے کے عمل کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی دشمن قوتوں کے اشارے پر کی گئی۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا، جس پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آئے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ اس دوران مقامی آبادی کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔
آپریشن کے دوران مادرِ وطن کے 18 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز پرعزم ہیں کہ اس بزدلانہ کارروائی کے ذمے داروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سینہ سپر ہیں۔
ہمارے بہادر شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments
0 comment