3 hours ago
شادی کی تقریب میں خودکش دھماکا، خوشیاں ماتم میں بدل گئیں
آفتاب مہمند
|
23 Jan 2026
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کے فنکشن میں خودکش دھماکا ہوا، جس میں تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان قریشی موڑ کے قریب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر میں شادی کی تقریب کے دوران دھماکہ ہوا ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحب زادہ نے بتایا کہ دھماکہ خودکش ہے، حملہ آور کا سر مل گیا ہے جبکہ تین افراد کی شہادت اور 10 کے زخمی ہونے کی ابتدائی تصدیق ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق شادی کے تقریب کے دوران خود کش دھماکے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ریسکیو1122 کی 7 ایمبولینسز، فائر ویکل اور ڈیزاسٹر ویکل نے موقع پر امدادی کاروائیاں شروع کردیں۔ جہاں سے اب تک 5 افراد کی لاشوں جبکہ 10 کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امن کمیٹی کے سربراہ کے گھر پر ہونے والی شادی میں امن کمیٹی کے ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی اور دھماکا اُس وقت ہوا جب ثقافتی رقص اور دیگر تقریبات جاری تھیں۔
اُدھر گورنر فیصل کنڈی نے خود کش دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع کا دکھ کا اظہار کیا۔
Comments
0 comment