10 hours ago
سانحہ ڈیگاری، مقتولہ بانو بی بی کا باپ بھی گرفتار

ویب ڈیسک
|
28 Jul 2025
کوئٹہ سے کئی کلومیٹر مسافت پر واقع ڈیگاری کے علاقے میں غیرت کے نام پر ہونے والے دوہرے قتل کے شبہ میں پولیس نے مقتولہ بی بی بانو کے والد گل جان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گل جان کو اپنی بیٹی اور ایک شخص کے وحشیانہ قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
اس سے قبل، قبائلی شخصیات سردار شیرباز ساتکزئی اور بشیر احمد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اور وہ 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ دونوں سے تفتیش جاری ہے۔
مقتولہ کی والدہ کو بھی اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک بیان پوسٹ کیا جس میں انہوں نے قتل کا دفاع کیا تھا اور کیس میں نامزد قبائلی سرداروں میں سے ایک کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس کی جانب سے کیس میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
تھانہ ہنہ اوڑک میں ایس ایچ او نوید اختر کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس میں ایک مرد اور ایک عورت کو گولی مار کر ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے اس واقعے کا از خود نوٹس لیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے تصدیق کی ہے کہ متاثرین آپس میں شادی شدہ نہیں تھے بلکہ دونوں کے اپنے شریک حیات اور بچے تھے۔
ان ہلاکتوں نے آن لائن شدید غم و غصے کو جنم دیا، اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور شہریوں نے فوری اور غیر جانبدارانہ انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments
0 comment