سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم شخص کیخلاف درج

سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم شخص کیخلاف درج

مقدمہ میں لکھا گیا ہے کہ اب تک 71 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اس میں اضافے کا خدشہ ہے
سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم شخص کیخلاف درج

Webdesk

|

24 Jan 2026

کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ آگ 17 جنوری کی رات دیر گئے لگی تھی جس پر تقریباً 48 گھنٹوں بعد قابو پایا جا سکا، تاہم اس دوران عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور کئی حصے منہدم ہوگئے۔ واقعے میں اب تک 71 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں واقعے کو غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نبی بخش تھانے میں درج کی گئی، جس میں ایس ایچ او انسپکٹر نواز علی زرداری نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع رات تقریباً ساڑھے دس بجے موصول ہوئی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ کا آغاز گراؤنڈ فلور پر واقع دکان نمبر 193، جو پھولوں اور تحائف کی دکان تھی، سے ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ میں پھیل گئی۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران مزید لاشیں بھی مل سکتی ہیں۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمارت میں فائر فائٹنگ کا مناسب انتظام موجود نہیں تھا اور نہ ہی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پلازہ میں ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں تھے جبکہ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے باعث اندر پھنسے افراد کو باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بھاری مالی نقصان بھی ہوا۔

مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 337-H(i)، 436 اور 427 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ تاحال کسی شخص کو نامزد نہیں کیا گیا اور مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!