5 hours ago
صارم قتل کیس میں پیشرفت، دو ملزمان گرفتار، ایک مشکوک چادر بھی برآمد
ویب ڈیسک
|
20 Jan 2025
نارتھ کراچی میں 7 سالہ بچے صارم کے اغوا اور قتل کیس میں پیشرفت ہوئی اور سندھ پولیس نے فلیٹ سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کیا جن سے اہم انکشاف کا امکان ہے۔
سندھ پولیس کی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے نارتھ کراچی میں قائم بیت النعم اپارٹمنٹ میں رات گئے کارروائی کی اور 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی آئی اے کی ٹیم نے جاسوس کتوں کی مدد سے اپارٹمنٹ کے خالی فلیٹس کی تلاشی لی جبکہ ایک چادر کو فرانز تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا۔
مزید برآں، علاقے میں کھڑی پرانی گاڑیوں کی بھی جانچ کی گئی اور مختلف اشیاء کے نمونے اکٹھے کیے گئے۔ یہ کارروائی پیر کی صبح تقریباً 3 بجے انجام دی گئی۔
صارم کی گمشدگی اور لاش برآمدگی
پولیس کے تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ سات سالہ صارم جو 7 جنوری کو اپنے اپارٹمنٹ سے لاپتہ ہوا تھا، اپارٹمنٹ کمپلیکس سے باہر نہیں گیا تھا۔
صارم اپنے بڑے بھائی کے ساتھ اپارٹمنٹ کمپلیکس میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا۔ تاہم، اس کا بھائی گھر واپس آ گیا، لیکن وہ لاپتہ ہو گیا تھا۔ واقعے کے وقت علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل نہیں کرسکی تھی۔
اس کے گیارہ روز کے بعد صارم کی لاش فلیٹ میں ایک زیر زمین واٹر ٹینک سے برآمد ہوئی، اہل خانہ نے لاش کو کپڑوں کی مدد سے پہنچانا جس کے بعد متوفی کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
اغوا اور تاوان کا معاملہ
اس اندوہناک واقعے کے دوران والدین نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک بین الاقوامی نمبر سے واٹس ایپ پیغام موصول ہوا، جس میں ان کے بیٹے کی رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تاہم، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ شخص پہلے بھی جعلی کالز کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دیتا رہا ہے۔
تحقیقات جاری
پولیس نےصارم کے اغوا اور قتل کے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اپارٹمنٹ کمپلیکس میں ہونے والی تلاشی اور مشتبہ افراد کی حراست سے معاملے کے حل کی امید کی جا رہی ہے۔
Comments
0 comment