16 hours ago
والد کے انتقال پر سعودی عرب سے آیا نوجوان کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل

ویب ڈیسک
|
10 Jul 2025
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر سعودی عرب سے والد کے انتقال پر آئے 25 سالہ جبران خان کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
اس واقعے کے ساتھ رواں سال ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ جبران، جو تیرہ روز قبل اپنے والد کے انتقال پر سعودی عرب سے کراچی آیا تھا، گھر کے باہر برف فروش کے ہمراہ بیٹھا تھا جب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار شروع کی۔
جبران نے ایک فون اور پرس ملزمان کے حوالے کر دیا، لیکن دوسرے فون پر مزاحمت کی، جس پر ملزمان نے اس کی شہ رگ پر گولی ماری، جو موقع پر ہی جان لیوا ثابت ہوئی۔
واقعے کے وقت علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی، جس سے ملزمان کے چہرے واضح طور پر نہیں دیکھے جا سکے۔
جبران کے اہلخانہ، جو پہلے ہی والد کے غم میں تھے، اس سانحے سے شدید صدمے میں ہیں۔ مقتول کے کزن قاسم نے حکام سے اپیل کی کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ورنہ شہر قبرستان بن جائے گا۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
جبران، جو جدہ میں آن لائن فوڈ سپلائی کا کام کرتا تھا، اپنے خاندان کا کفیل تھا۔ اس کی ہلاکت سے علاقہ مکین غم و غصے میں ہیں اور پولیس و حکومتی نااہلی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
Comments
0 comment