چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم نہ آنے کی خبروں پر پاکستان کا بڑا فیصلہ

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم نہ آنے کی خبروں پر پاکستان کا بڑا فیصلہ

چیمپینز ٹرافی میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کو پاکستان لانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم نہ آنے کی خبروں پر پاکستان کا بڑا فیصلہ

Webdesk

|

18 Jul 2024

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کو ہوم گراؤنڈز میں لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے عدم آمد کے حوالے سے پیش کیے جانے والے حکومتی جواز پر تحریری جواب مانگا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق چیمپینز ٹرافی میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کو پاکستان لانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے کوئی حکومتی جواز پیش کیا تو اس سلسلے میں بی سی سی آئی سے تحریری جواب طلب کیا جائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ بھارت نے تحریری جواب دیا تو معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) دیکھے گا۔بھارتی حکومت نے اگر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو بھارتی ٹیم پر کسی قسم کا کوئی جرمانہ یا پابندی عائد نہیں ہوگی۔

2003 میں انگلینڈ نے موگابے حکومت کے باعث اپنی ٹیم زمبابوے بھیجنے سے انکار کیا تھا اور 2009 ٹی 20 ورلڈکپ میں زمبابوے کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا تھا اور حکومتی ہدایات کے باعث انگلش بورڈ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے چیمپینز ٹرافی کیلئے بنایا گیا بجٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور اس کی منظوری لی جائے گی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے جو 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہر (لاہور) میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچز میں آسانی سے شرکت کرسکیں تاہم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی شمولیت اب بھی سوالیہ نشان ہے۔

 بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دورہ پاکستان کا فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہوا ہے اور بھارتی حکومت کی جانب سے اس بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا اور تمام میچز ملک کے اندر ہی ہوں گے، جب کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان آنے یا نہ آنے کا معاملہ قبل از وقت ہے، پاکستان میں باہر سے بھی ٹیمیں آئیں گی اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!