فخر زمان نے بابر کی حمایت پر خاموشی توڑ دی
ویب ڈیسک
|
24 Dec 2024
پاکستان کرکٹر فخر زمان نے اکتوبر میں بابر اعظم کی حمایت کرنے والی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق تنازع پر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے تبصروں کو غلط سمجھا گیا تھا اور ان کا مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر تنقید نہیں تھا۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران، فخر نے اپنے آفیشل ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر بابر کے آخری دو میچوں سے اخراج پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
بابر اعظم کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے پی سی بی نے پلیئنگ الیون سے باہر کیا تھا۔
اس فیصلے پر فخر زمان نے سماجی رابطے کا سہارا لے کر اپنی رائے کا اظہار کیا جس پر انہیں پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کیا جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ اور آسٹریلیا، زمبابوے، جنوبی افریقا کی سیریز سے بھی باہر کردیا۔
پی سی بی نے فخر زمان کی عدم شمولیت کو فٹنس کی وجہ قرار دیا تاہم قیاس آرائیاں کی گئیں کہ بابر کی حمایت ہی ان کے اخراج کی اصل وجہ بنی ہے۔
ایک نجی میڈیا آؤٹ لیٹ کے ساتھ حالیہ انٹرویو میں فخر زمان نے اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوسٹ کا مقصد صحافیوں اور سابق کھلاڑیوں کے لیے تھا جنہوں نے بابر کو ٹیم سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ "میں نے ایسی خبریں دیکھیں جہاں صحافیوں اور سابق کھلاڑیوں نے بابر کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دیا، اور اس نے مجھے پریشان کیا۔ میں نے اپنی حمایت کا اظہار کرنے پر مجبور محسوس کیا،‘‘
فخر زمان نے کہا کہ میری پوسٹ آفیشل ٹیم کے اعلان سے پہلے تھی اور اُس وقت انہیں کنٹریکٹ ملا ہوا تھا۔ فخر نے کہا کہ لوگوں کو غلط فہمی ہوئی کہ میں نے بورڈ کے فیصلے پر تنقید کی جو 100 فیصد غلط ہے۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے خدشات کو دور کرتے ہوئے فخر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے صحت کے مسائل کی وجہ سے پی سی بی سے دو ماہ کے آرام کی درخواست کی تھی، بعد میں پتہ چلا کہ وہ ہائپر تھائیرائیڈزم کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوئی تو مجھے اپنی بیماری کا علم نہیں تھا۔
Comments
0 comment