پاکستانی کک باکسر نے اسرائیلی حریف کو شکست دے دی
ویب ڈیسک
|
8 Dec 2025
پاکستان کے مایہ ناز کک باکسر آغا کلیم نے باکو میں منعقدہ ورلڈ کپ مقابلے میں اپنے اسرائیلی مخالف کو شکست دے کر ملک کا نام ایک بار پھر روشن کر دیا۔ جمعے کی شب کراچی واپسی پر ایئرپورٹ پر سینکڑوں مداحوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
کوئٹہ میں پیدا ہونے والے اور کراچی میں مقیم آغا کلیم اس سے قبل چار ایشیائی ٹائٹلز، چار کک باکسنگ چیمپئن شپ، دو عالمی اعزازات اور دو قومی ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں۔ باکو میں انہیں ٹائٹل بیلٹ، گولڈ میڈل اور ٹورنامنٹ ٹرافی سے نوازا گیا۔
اتنے بڑے بڑے اعزازات جیتنے کے باوجود آغا کلیم کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال سندھ یا بلوچستان کی حکومتوں کی جانب سے وہ مالی تعاون نہیں ملا جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے مالی مدد کا وعدہ ضرور کیا تھا لیکن اب تک عملی طور پر کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے انہیں ایک بڑا نقد انعام دینے کا وعدہ کیا تھا مگر بعد میں صرف 1 لاکھ روپے دیے گئے۔ تاہم انہوں نے امریکہ اور آسٹریلیا میں رہنے والے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے ان کی مدد کی۔
آغا کلیم کی یہ فتح پاکستان کے تمام کھیلوں کے شائقین اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔
Comments
0 comment