رونالڈو کی شادی کی افواہ، سیکڑوں مداح شرکت کیلئے پہنچ گئے، فٹبالر نے کیا کہا؟
Webdesk
|
10 Aug 2026
پرتگال: پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی شادی سے متعلق افواہوں اور مداحوں کی جانب سے انہیں سچ سمجھے جانے پر ردِعمل دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ افواہ گردش کررہی تھی کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ ہفتے کے روز پرتگال کے جزیرے میڈیرا کے شہر فنشال میں شادی کرنے والے ہیں۔
رونالڈو کے خاندان کی جانب سے شادی کی تردید بھی کی گئی تاہم اس کے باوجود سیکڑوں مداح اپنے پسندیدہ فٹبالر کی شادی دیکھنے کی امید میں فنشال کے مرکز میں واقع تاریخی سی کیتھیڈرل کے باہر جمع ہوگئے۔
مداح ہاتھوں میں موبائل فون اور کیمرے اٹھائے گھنٹوں چرچ کے باہر موجود رہے تاہم کچھ ہی دیر بعد حقیقت سامنے آ گئی کہ وہاں شادی رونالڈو اور جارجینا کی نہیں بلکہ ایک اور جوڑے کی تھی۔
کیتھیڈرل میں نکول نامی خاتون اپنے ہونے والے شوہر فابیوں سے شادی کے لیے پہنچیں جب کہ فابیوں پہلے ہی وہاں موجود تھے، بڑی تعداد میں مداحوں اور صحافیوں کی موجودگی کے باعث دلہن کو چرچ میں داخل ہونے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سی کیتھیڈرل کی انتظامیہ نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک پر بڑی تعداد میں صحافیوں اور سیاحوں کی وجہ سے کافی الجھن پیدا ہوئی تاہم بلآخر چرچ کو بند کر کے شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
چرچ کی جانب سے ایک اور پوسٹ میں کہا گیا کہ سی کیتھیڈرل کے باہر اس نوعیت کا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور دلہن کے لیے شادی کے لیے چرچ میں داخل ہونا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔
دوسری جانب شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں نے بھی اس صورتِ حال کا مزاحیہ انداز میں ذکر کیا ہے۔ایک مہمان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خود کو مشہور شخصیت محسوس کر رہے ہیں۔
مہمان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کیسے سوچ سکتے ہیں کہ رونالڈو بغیر سکیورٹی کے اس روز یہاں شادی کریں گے۔کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اس دلچسپ صورتِ حال پر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے کمنٹ میں ہنستے ہوئے آنسوں والے ایموجیز کے ذریعے ردِعمل دیا ہے۔
Comments
0 comment